وارانسی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اتر پردیش کے وارانسی میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ بتادیں کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیر قیادت ریاستی حکومت نے زمین کے حصول کے لئے 121 کروڑ روپے مختص کیے ہیں اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اسٹیڈیم کی تعمیر میں 330 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس پروگرام میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا اور سکریٹری جے شاہ سمیت بی سی سی آئی کے اہم افراد موجود تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس دوران وزیراعظم مودی نے کہا کہ ‘آج مجھے وارانسی آنے کا ایک اور موقع ملا۔ کاشی آکر جو خوشی ملتی ہے وہ منفرد ہے۔‘‘ اس پروگرام میں ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار وزیراعظم مودی اتر پردیش میں بی سی سی آئی کے ذریعہ وارانسی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ میں ریاست کے کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص کی جانب سے وزیراعظم مودی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس اسٹیڈیم کے مکمل ہونے کے بعد 30 ہزار سے زیادہ لوگ یہاں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔ جب سے اس اسٹیڈیم کی تصویریں سامنے آئی ہیں، کاشی کا ہر باشندہ انہیں دیکھ کر پرجوش ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کرکٹ کے ذریعہ ہندوستان سے جڑ رہی ہے۔ کرکٹ کھیلنے کے لئے نئے نئے ممالک آگے آرہے ہیں۔ ظاہر ہے آنے والے دنوں میں کرکٹ میچوں کی تعداد میں اضافہ ہونے والا ہے۔ جب میچز کی تعداد بڑھے گی تو نئے اسٹیڈیمز کی ضرورت بھی پڑے گی، اس وقت بنارس کا یہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم یہ مطالبہ پورا کرے گا۔ یہ پورے پوروانچل کا چمکتا ہوا ستارہ بننے والا ہے۔