اسرو نے لداخ کے لیہہ میں اپنا پہلا اینالاگ خلائی مشن لانچ کر دیا ہے یعنی زمین پر ہی خلا جیسا مشن شروع کر دیا ہے۔ اس کا مقصد انسان کو چاند پر بھیجنے سے پہلے تیار کرنا ہے۔ یہ مشن گگن یان اور مستقبل کی خلائی مہمات کے لیے تربیت میں معاون ثابت ہوگا۔اسرو نے کہا ہے کہ ملک کا پہلا ‘اینالاگ’ خلائی مشن لداخ کے لیہہ سے روانہ ہوا ہے، جس مقام کو اس کے لیے منتخب کیا گیا ہے وہاں کا فزیکل کنڈیشن خلا جیسا ہی ہے۔ یہاں کی آب و ہوا خشک اور ٹھنڈی ہے۔ یہاں بنجر زمین، زیادہ اونچائی والے علاقے اور انتہائی الگاؤ والے علاقے ہیں جو کہ منگل اور چاند کے حالات کے یکساں مانے جاتے ہیں۔ یہ سیاروں کی تلاش کے مقصد سے سائنسی مشنوں کے لیے ایک مثالی تربیتی میدان ہے۔
اسرو نے مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی خلائی پرواز مرکز، اسرو، اے اے کے اے، اسپیس اسٹوڈیو، لداخ یونیورسٹی، آئی آئی ٹی بمبئی اور لداخ آٹونومس ہِل ڈیولپمنٹ کونسل کے تعاون سے یہ مشن بین سیارچی رہائش کی طرح کام کرے گا جو زمین سے پرے بیس اسٹیشن کے چیلنجز سے نپٹے گا۔اسرو کی ٹیم کے ذریعہ یہ بھی مطالعہ کیا جا رہا ہے کہ انسانی جسم لداخ میں سخت موسمی حالت کے تئیں کیسے موافق ہوتا ہے جو یہ سمجھنے میں مفید ہوسکتا ہے کہ خلائی مسافر خلا جیسے حالات کے لیے خود کو کیسے ڈھال سکتے ہیں۔