امرتسر سے ہوڑہ جا رہی ٹرین نمبر 13006 میں ہفتہ کی دیر رات دھماکہ ہوگیا۔ جب گاڑی فتح گڑھ صاحب میں سرہند ریلوے اسٹیشن کے پاس تھی تبھی ٹرین کے ایک ڈبے میں رکھے پٹاخوں میں آگ لگ گئی۔ دھماکہ کے بعد مسافروں میں زبردست افرا تفری مچ گئی۔ اس دوران ریلوے پولیس اور محکمہ کے افسران کو نصف رات کو فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچنا پڑا۔ اس دوران تقریباً نصف گھنٹے تک گاڑی کو سرہند اسٹیشن پر روکا گیا۔ حادثہ میں 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
زخمیوں کو فتح گڑھ صاحب کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی کی پچھلی جنرل بوگی میں یہ دھماکہ ہوا۔ عینی شاہدین نے کے مطابق ٹرین کی بوگی میں دھواں ہی دھواں ہو گیا تھا، جس کے بعد مسافروں نے چھلانگ لگانی شروع کر دی۔ اس وقت ٹرین لدھیانہ سے چل کر سرہند جنکشن پر رکنے کے بعد امبالہ کے لیے روانہ ہی ہوئی تھی۔