حال ہی میں جاری سیمپل رجسٹریشن سسٹم (ایس آر ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان کے لوگوں کی زندہ رہنے کی اوسط عمر 69.9، یعنی تقریباً 70 سال ہے۔ کیرالہ وہ ریاست ہے جہاں کے لوگوں کی حیات ملک میں سب سے زیادہ ہے، یہاں کے لوگوں کی اوسط عمر 74.8 سال ہے۔ دوسری جانب اترپردیش وہ ریاست ہے جہاں کے لوگ سب سے کم دنوں تک زندہ رہتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کی اوسط عمر 67.2 سال ہے۔
اگر اترپردیش اور کیرالہ کے علاوہ دیگر ریاست کے لوگوں کی اوسط عمر کی بات کی جائے تو دہلی کے لوگوں کی اوسط عمر 74.6 سال اور ہماچل پردیش کے لوگوں کی اوسط عمر 73.6 سال ہے۔ وہیں پنجاب اور اتراکھنڈ کے لوگوں کی اوسط عمر 70.8 سال ہے۔ گجرات کے لوگ 70.1 سال، راجستھان کے لوگ 69.9 سال، بہار کے لوگ 69.0 سال اور ہریانہ کے لوگ 68.6 سال اوسطاً جیتے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلی، شہری کاری، ذہنی تناؤ، فضائی آلودگی، شراب اور نشہ کی عادت جیسی وجوہات کی بنا پر ملک کے مختلف ریاستوں کے لوگوں کی اوسط عمر میں اس قدر فرق ہے۔ ساتھ ہی دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی کمی، زچگی کے دوران کی پیچیدگیاں اور زچہ بچہ کی شرح اموات بھی تشویشناک ہے۔ لوگوں میں زندہ رہنے کی شرح میں کمی کی ایک وجہ حقہ کا استعمال بھی ہے، جس کا جسم پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی طرح غریبی، بے روزگاری، کیڑے مار ادویات کا بہت زیادہ استعمال اور غیر متعدی امراض (دل کی بیماری، ذیا بیطس، کینسر اور سانس) کا اضافہ بھی شامل ہے۔