پٹنہ : لوک سبھا کے انتخابی مہم میں مصروف بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور وی آئی پی کے سربراہ مکیش ساہنی نے مچھلی اور سنترہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر میں کیک کاٹنے اور کھانے کا ویڈیو شیئر کیا ہے۔ دراصل آج تیجسوی یادو اور مکیش ساہنی اپنی 200ویں ریلی کرنے جا رہے ہیں، جس کے لیے ساہنی نے تیجسوی کو سرپرائز دیتے ہوئے انہیں کیک پیش کیا۔ جسے ان دونوں لیڈروں نے کاٹا اور ایک دوسرے کو کھلایا۔تیجسوی یادو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں مکیش ساہنی کو ہیلی کاپٹر میں آر جے ڈی لیڈر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ آج ہمارے پاس آپ کے لیے ایک سرپرائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیک ہے اور آج ہماری 200 ویں ریلی ہونی ہے، آج اگر ہم اسے مکمل کریں تو 205 ریلیاں ہو جائیں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ کیک کاٹا جائے، آپ کی 200ویں ریلی ہو چکی ہے لیکن میری پہلی بار 200 ویں ریلی ہے۔ اس کے بعد تیجسوی نے کہا کہ میرے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ 200 ریلیاں ہو گئی ہیں۔ ہم نے سوچا کہ یہ 190 کے قریب ہے۔ اسمبلی میں ہم نے تقریباً 250 ریلیاں کی تھیں۔ اس پر وی ای پی کے سربراہ نے کہا کہ اس بار یہ 250 سے تجاوز کر جائے گا کیونکہ ساتواں مرحلہ ابھی باقی ہے۔