جھارکھنڈ کے مشہور تبریز انصاری موب لنچنگ معاملے میں سرائے کیلا کی ایک عدالت نے آج فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تبریز کی موب لنچنگ کرنے والے سبھی قصورواروں کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے یہ سزا تعزیرات ہند کی دفعہ 304 کے تحت سنائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 28 جون کو عدالت نے 10 لوگوں کو تبریز موب لنچنگ معاملے میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ ان کے نام ہیں پرکاش منڈل، کمل مہتو، سرنامو پربھات، مدن نایک، چامو نایک، پریم چند محلی، مہیش محلی، وکرانت منڈل، بھیم سنگھ منڈل اور اتل محلی۔
واضح رہے کہ 2019 میں 18 جون کی شب تبریز انصاری مبینہ طور پر چوری کے ارادے سے سرائے کیلا کے گھتک ڈیہہ گاؤں پہنچا تھا۔ اس دوران اسے گاؤں میں کچھ لوگوں نے پکڑ لیا اور بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا۔ تبریز کو باندھنے کے بعد اس کی خوب پٹائی کی گئی۔ لوگ اسے تب تک مارتے رہے جب تک وہ بیہوش نہیں ہو گیا۔ بعد میں علاج کے دوران 22 جون 2019 کو اس کی موت ہو گئی تھی۔
تبریز انصاری کی موت کے بعد اس کی بیوی شائستہ پروین نے قاتلوں کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا۔ شائستہ نے گھتک ڈیہہ گاؤں میں 100 نامعلوم لوگوں کے خلاف شکایت لکھوائی تھی۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شروع میں 13 لوگوں کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ان 13 میں سے 10 افراد پر الزام ثابت ہوئے تھے اور گزشتہ 28 جون کو عدالت نے انھیں قصوروار قرار دیا تھا۔ آج ان سبھی قصورواروں کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی۔