جے پور: راجستھان کے کوٹا میںخود کشی کا ایک اور سنسنی خیز واقعہ سامنے آیاہے،اب میڈیکل کی تیاری کرنے والی جھارکنڈ کی 16 سالہ لڑکی نے خودکشی کی ہے ،کوٹا میں طلباء کی خودکشی کا یہ 24 واں واقعہ ہے۔وگیان نگر تھانے کے اے ایس آئی امر کمار کے مطابق رانچی، جھارکھنڈ کی رہنے والی، ریچا سنہاکوٹا کے الیکٹرانک کمپلیکس کے ہاسٹل میں رہتی تھی اور ایک کوچنگ سینٹر سےنِیٹ( این ای ای ٹی )کی تیاری کر رہی تھی۔اس نے صرف پانچ ماہ قبل ہاسٹل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔منگل کی شب پولیس کو تلونڈی کے ایک نجی اسپتال سے اطلاع ملی کہ ایک طالبہ جس نے خود کو پھانسی لگالی تھی، کو اسپتال لایا گیا اور اسے مردہ قرار دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ طالبہ دیر شام سے اپنے کمرے سے باہر نہیں آئی تھی۔دیگر طالبات کو جو اسے فون کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، کوئی جواب نہ ملا تو انہوں نے ہاسٹل آپریٹر کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑ دیا۔پولیس نے بتایا کہ خاندان کو مطلع کر دیا گیا ہے اور معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔طالبہ مئی میں کوٹا آئی تھی اور ہاسٹل کا کمرہ دوسری طالبات کے ساتھ شیئر کیا تھا۔
وارڈن ارچنا نے بتایا کہانہیں اس واقعے کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب ایک اور طالب علم نے الارم بجایا۔ اس کے بعد ہاسٹل وارڈن اور بچوں نے دروازہ توڑا اور لڑکی کو اسپتال لے گئے۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔کوٹا میں اس سال یہ 24ویں خودکشی ہے۔شہر میں کئی رہنما خطوط اور امدادی مراکز قائم کیے جانے کے باوجود خودکشیوں کا سلسلہ بند نہیںہو رہا ہے جس سے انتظامیہ کی بھی نیندیں اُڑ گئی ہیں۔