نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پڈوچیری، گوا، لکشدیپ، راجستھان اور مغربی بنگال میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی کے عمل کے تحت دعووں اور اعتراضات درج کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق اب ووٹرز 19 جنوری تک اپنے دعوے اور اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔ اس فیصلے کی اطلاع ایک باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکشن افسران کی درخواستوں اور اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے باہر نہ رہ جائے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ توسیع کا مقصد ووٹرز کو مزید وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اندراجات کی جانچ کر سکیں اور اگر ضرورت ہو تو درستگی یا شمولیت کے لیے درخواست دے سکیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل 27 دسمبر 2025 کو جاری کیے گئے خط میں خصوصی گہری نظرِ ثانی کا مکمل شیڈول جاری کیا گیا تھا، جس میں یکم جنوری 2026 کو اہلیت کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ تازہ توسیع صرف دعوے اور اعتراضات درج کرانے کی مدت تک محدود ہے، جبکہ نظرِ ثانی کے دیگر مراحل اپنے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق جاری رہیں گے۔
















