رپورٹ کے مطابق، شرجیل امام نے عدالت سے 14 دنوں کی عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی، تاکہ وہ بہادر گنج اسمبلی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ سکیں۔ تاہم سماعت کے دوران ان کے وکیل نے درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
شرجیل امام کے وکیل نے کہا کہ ان کی مستقل ضمانت کی درخواست فی الحال سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، اس لیے عبوری ضمانت کے لیے درخواست پیش کرنے کا موزوں پلیٹ فارم سپریم کورٹ ہی ہوگا نہ کہ ٹرائل کورٹ۔ اس بنیاد پر کڑکڑڈومہ میں داخل کی گئی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی۔
شرجیل امام پر اشتعال انگریز تقریر کرنے کا الزام ہے۔ ان پر ملک دشمنی، مجرمانہ سازش اور بغاوت سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ شرجیل امام نے شاہین باغ اور جامعہ کے علاقہ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی کی مخالفت کے دوران اکسانے والی تقاریر کیں، جن سے تشدد کی آگ بھڑکی۔