گریٹر نوئیڈا۔ پاکستانی خاتون سیما حیدر اور سچن مینا کو مالی بحران کا سامنا ہونے کی خبروں کے بعد اب اس جوڑے کو یکے بعد دیگرے کام کے آفرس مل رہے ہیں۔ پہلے جوڑے کو فلمساز امیت جانی کی طرف سے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور اب سیما اور سچن کو گجرات سے ایک خط موصول ہوا ہے، جس میں ایک بزنس مین نے انہیں 6 لاکھ روپے سالانہ پیکج کی پیشکش کی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ یہ جوڑا کسی بھی وقت آکر نوکری جوائن کر سکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوڑے کو پیر کو ربوپورہ پوسٹ آفس سے ایک لفافہ ملا۔ لفافے پر گجرات کا پتہ لکھا ہوا تھا۔ یہ لفافہ جس میں آفر لیٹر تھا، منگل کو جوڑے نے پولیس کی موجودگی میں کھولا۔آفر لیٹر میں گجرات کے ایک تاجر نے سیما اور سچن دونوں کو 50,000 روپے ماہانہ تنخواہ کی پیشکش کی ہے۔ آفر لیٹر میں یہ بھی لکھا گیا کہ وہ جب چاہیں آکر نوکری جوائن کر سکتے ہیں۔ تاجر کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ سیما اور سچن دونوں پولیس کی نگرانی میں ہیں۔
سچن اس وقت کوئی کام نہیں کر رہا ہے۔ اس جوڑے کی حالت زار اور غربت کی کہانیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ سیما کی ایک ویڈیو بھی آن لائن منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ اپنے شوہر کی کمائی اور اس کی مالی حالت پر تشویش کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کی رہائشی سیما کا کہنا ہے کہ وہ 20-2019 میں آن لائن گیم PubG کھیلتے ہوئے سچن کے رابطے میں آئی اور دونوں نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر بات کرنا شروع کر دی تھی۔ سیما اپنے چار بچوں کے ساتھ 13 مئی کو نیپال کے راستے ایک بس میں غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ گریٹر نوئیڈا کے ربو پورہ علاقے میں رہنے والے سچن کے ساتھ رہنے آئی تھی۔