نئی دہلی :سنجے سنگھ انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے نئے صدر منتخب ہوئے ہیں۔سنجے سنگھ خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کےالزام کا سامنا کر رہے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے قریبی مانے جاتے ہیں ،وہ 2008 میں وارانسی ریسلنگ ایسو سی ایشن کے ضلع صدر بنے تھے۔ پھر 2009 میں اتر پردیش ریسلنگ ایسو سی ایشن بنا تو برج بھوشن شرن سنگھ ریاستی صدر اور سنجے سنگھ نائب صدر بنے تھے۔ ڈبلیو ایف آئی کے الیکشن کا آج جب نتیجہ برآمد ہوا تو سنجے سنگھ کے ساتھ ساتھ ان کے پینل کی فتحیابی کا بھی اعلان ہو گیا۔
ڈبلیو ایف آئی کے الیکشن میں صدر عہدہ کے لیے سنجے سنگھ کا مقابلہ دولت مشترکہ کھیلوں کی گولڈ میڈلسٹ انیتا شیوران سے تھا۔ شیوران کو ان پہلوانوں کی حمایت حاصل تھی جنھوں نے برج بھوشن سنگھ پر خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا۔ جنسی استحصال معاملے پر اولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک، عالمی چمپئن شپ کی میڈلسٹ ونیش پھوگاٹ سمیت کئی سرکردہ پہلوانوں نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنتر منتر پر دھرنا و مظاہرہ کیا تھا۔