نئی دہلی: وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے کسانوں کے لیے سستے قرضوں کی حد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ خزانہ نے کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) کے تحت قرض لینے کی حد 3 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی ہے۔ وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام خاص طور پر چھوٹے اور درمیانہ کسانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج لوک سبھا میں یونین بجٹ 2025 پیش کر دیا۔ اس دوران انہوں نے بجٹ تقریر پیش کرتے ہوئے متعدد اعلانات کیے، جن میں کسانوں کے لیے سستے قرضوں کی فراہمی کا اعلان بھی شامل تھا۔
نرملا سیتارمن نے کہا کہ کسانوں کو اس اسکیم کے تحت کم شرح سود پر قرض ملے گا، جس سے ان کی مالی حالت میں بہتری آ سکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے کسانوں کو 2 فیصد تک سود میں کمی ملے گی اور اگر قرض کا بروقت یا جلد ادائیگی کی جائے تو 3 فیصد تک کی رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت کسانوں کو قرض کے علاوہ فَصل بیمہ، حادثاتی بیمہ، صحت بیمہ اور املاک بیمہ جیسی سہولتیں بھی ملیں گی۔