چنڈی گڑھ :جے جے پی سے اتحاد ٹوٹنے کے بعد ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ چندی گڑھ میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا۔ اب بی جے پی ہریانہ میں اپنے بل بوتے پر حکومت بنائے گی،یہ بھی ممکن ہے کہ وزیر کی شکل میں کوئی اور چہرہ ہو ۔ وزیراعلی نے اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ کے بعد راج بھون جاکرگورنر سے ملاقات کی اور پھر وزیر اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے ساتھ پوری کابینہ نے بھی اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپ دیا ہے۔
معلومات کے مطابق وزیراعلی منوہر لال کھٹر نے منگل کی صبح 11 بجے بی جے پی قانون ساز پارٹی کے ساتھ میٹنگ کی اور پھر ہریانہ کے گورنر سے ملنے کے لیے روانہ ہوئے۔ وزیر داخلہ بھی وزیراعلیٰ کی گاڑی میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ وزرا بھی گورنر سے ملنے کیلئے گئے ہیں۔دراصل منوہر لال کھٹر نے کچھ آزاد ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ کی اور پھر وہ راج بھون کے لیے روانہ ہوگئے۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ سی ایم کی گاڑی میں انیل وج بھی موجود تھے۔ وج کے چہرے پر مسکراہٹ تھی۔ ایسے میں امکان ہے کہ وج بھی ہریانہ کے نئے وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں۔ وزیراعلی کے علاوہ دیگر سبھی وزراء بھی اپنی اپنی گاڑیوں میں راج بھون پہنچے۔