وسط مدتی انتخابات میں شکسٹ کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پارٹی میں بغاوت شروع ہو گئی ہے۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) کے چیئرمین جو گروٹرز کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ تیز ہو گیا ہے۔ گروٹرز کو ٹرمپ کا قریبی ساتھی مانا جاتا ہے اور ٹرمپ انہیں عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کے کچھ لیڈران گروٹرز کی مدت کار میں ہونے والے اخراجات کی جانچ چاہتے ہیں۔ ان میں ٹرمپ اور دیگر عہدیداروں کے بال بنوانے اور میک اَپ پر ہونے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ کی سابق چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کی بیٹی کیرولین وائلز کو ملازمت دینے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پارٹی کے مختلف گروپ ایک دوسرے کے خلاف ای میلز اور خفیہ معلومات لیک کر رہے ہیں۔ وہیں وائٹ ہاؤس نے باغی لیڈران کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ پیچھے نہیں ہٹے تو پارٹی کو ملنے والی مالی امداد بند کی جا سکتی ہے۔
آر این سی کی دوسری سب سے بڑی آفیسر اور کینٹکی کی لیڈر کراسبی اس مہم کی قیادت کر رہی ہیں۔ انہوں نے 5 نومبر کو خط لکھ کر انتخاب میں شکست کو سنگین مسئلہ قرار دیا تھا اور نتائج کا ایماندارانہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ وہ ٹرمپ کی ایم اے جی اے پالیسی کی حمایت کرتی ہیں۔ ٹینیسی سے آر این سی کے رکن آسکر بروک نے ان کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کا کام سبھی ریپبلکن امیدواروں کو کامیاب بنانا ہے، نہ کہ ہمیشہ کسی ایک شخص کی حمایت کرنا۔ ورجینیا کی پیٹی لائمن نے بھی قیادت میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ روڈ آئی لینڈ کی سو سینکی کے مطابق جنوری میں ہونے والی میٹنگ میں کراسبی کو 10 ریاستوں کے کم از کم 20 ارکان کی حمایت مل سکتی ہے۔ ان کی امیدواری کے لیے اتنے ارکان کی حمایت ضروری ہے۔

















