کانپور:اتر پردیش میں کانپور دیہات کے سکندرا علاقے میں آج یعنی پیرکی صبح تیز رفتار کار کے نالے میں گرنے سے اس میں سوار 6 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 2 معصوم بچے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کانپور دیہات کے ڈیراپور تھانہ علاقہ کے مُررا گاؤں کے رہنے والے پنکج اپنی بیٹی کا تلک چڑھانے اٹاوہ گیے تھے۔ پروگرام میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران ان کی سوئفٹ ڈیزائر کار صبح سویرے سکندرا-صندل پور روڈ پر جگناتھ پور گاؤں کے قریب بے قابو ہو کر ایک چوڑے نالے میں جا گری۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی بی بی جی ٹی ایس مورتی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے گاؤں والوں کی مدد سے کار میں پھنسے آٹھ افراد کو بچا کر سکندرہ سی ایچ سی بھیج دیا۔ ڈاکٹروں نے مُررا کے کار ڈرائیور وکاس (42)، خوشبو (17)، پراچی (13)، سنجے عرف سنجو (55)، گولو (16) اور پرتیک (10) کو مردہ قرار دیا۔ مررا گاؤں کے وراٹ (18) اور ویشنوی (16) کا علاج چل رہا ہے۔
ایس پی بی بی جی ٹی ایس مورتی نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ہم پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ گاؤں والوں کی مدد سے 2 بچوں کو بچا لیا۔ گاڑی میں سوار دیگر چھ افراد کو علاج کے لیے سی ایچ سی سکندرہ لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔