لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے آج بہار طلبہ تحریک کے دوران زخمی ہوئے نوجوانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے نوجوانوں کے ساتھ کھڑے رہنے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کا یقین بھی دلایا۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر طلبہ سے ملاقات کی چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ وہ اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’بہار کے ان طلبہ اور نوجوانوں سے ملاقات کی، جنہوں نے صرف امتحانی نظام میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے پر پولیس کی شدید بربریت کا سامنا کیا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’پولیس کی لاٹھیوں، اے کے-47 اور پستول سے چلائی گئی گولیوں نے کئی طلبہ کو زخمی کر دیا۔ فوج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھنے والے ایک نوجوان کا پیر اے کے-47 سے گولی مار کر توڑ دیا، ساتھ ہی ان کی زندگی کا خواب بھی۔‘‘ اپنی پوسٹ میں راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’یہ نوجوان صرف غیرجانبدارانہ مواقع، شفاف امتحانی نظام اور اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایسے مطالبے پر لاٹھیاں اور گولیاں چلانے کی کیا ضرورت تھی؟
حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے مطابق اتنی بڑی بربریت کی ذمہ داری صرف چند چھوٹے افسران پر ڈال کر حکومت بچ نہیں سکتی۔ یہ کارروائی یا تو اوپر کے حکم کا نتیجہ ہے یا پھر اقتدار کی بدترین ناکامی۔ راہل گاندھی اپنی ’ایکس‘ پوسٹ کے آخر میں لکھتے ہیں کہ ’’بہار حکومت کچھ بھی کر لے، میں ان نوجوانوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہوں۔ بی جے پی یاد رکھے، نوجوانوں کی آواز دبانے والی ہر حکومت کو ایک دن عوام کے سامنے جواب دینا پڑتا ہے۔ وہ دن اب دور نہیں ہے۔












