اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا کامیاب اختتام ہو چکا ہے۔ اس دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جس نے سب کی توجہ اس کی طرف مرکوز کر دی۔ دراصل راہل گاندھی نے دربھنگہ ضلع کے ایک نوجوان کو نئی موٹرسائیکل دی، جس کی دو پہیہ گاڑی ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران غائب ہو گئی تھی۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سوربھ نامی اس نوجوان کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں اس نے اپنی آپ بیتی سنائی اور فخریہ انداز میں اپنی نئی موٹرسائیکل کی چابی دکھائی، جو راہل گاندھی نے خود انہیں سونپی ہے۔
سوربھ نے بتایا کہ ’’جب راہل گاندھی دربھنگہ میں بائک ریلی نکال رہے تھے تو میں نے اپنی موٹرسائیکل ان کے ساتھ چل رہے سیکورٹی اہلکار کو دے دی تھی۔ بعد میں جب مجھے پتہ چلا کہ میری موٹرسائیکل کہیں گم ہو گئی ہے تو مجھے بہت تکلیف ہوئی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’’2 روز قبل مجھے کسی نامعلوم شخص کا فون آیا۔ اس نے کہا کہ راہل گاندھی یکم ستمبر کو پٹنہ میں مجھے ایک نئی موٹرسائیکل بطور تحفہ دینا چاہتے ہیں۔
نوجوان کے مطابق اس نے فون والی بات پہلے اپنے والد کو بتائی۔ حالانکہ شروع میں تو دونوں کو اس بات پر یقین نہیں ہوا، لیکن انہوں نے طے کیا کہ جس روز راہل گاندھی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام کریں گے، اسی روز وہ پٹنہ جائیں گے۔ انہیں ’انکم ٹیکس گولمبر‘ پر انتظار کرنے کے لیے کہا گیا، جہاں گاندھی میدان جاتے وقت لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نوجوان کو چابی سونپنے کے غرض سے کچھ لمحہ کے لیے رکے۔ سوربھ نے بتایا کہ ’’مجھے اسی ماڈل کی بالکل نئی موٹرسائیکل ملنے کی خوشی ہے جو میں نے کھو دی تھی۔ اتنے بڑے لیڈر کے اس قدم سے بہت خوش ہوں۔