نئے سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی عوام اور کاروباری طبقے کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے یکم جنوری 2026 سے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کے تحت 19 کلو گرام وزنی کمرشل سلنڈر فی سلنڈر 111 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے، جس کا اطلاق دہلی، ممبئی، کولکاتا، چنئی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ہو چکا ہے۔
نئے نرخوں کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں 19 کلو گرام کا کمرشل ایل پی جی سلنڈر، جو اس سے قبل 1580.50 روپے میں دستیاب تھا، اب 1691.50 روپے میں ملے گا۔ کولکاتا میں اس کی قیمت 1684 روپے سے بڑھا کر 1795 روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ممبئی میں 1531.50 روپے کا سلنڈر اب 1642.50 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ چنئی میں اس کی قیمت 1739.50 روپے سے بڑھ کر 1849.50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ہوٹل، ریسٹورنٹ، ڈھابے اور چھوٹے کاروباری ادارے پہلے ہی بڑھتی لاگت اور کمزور طلب کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ کمرشل ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر خدمات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل دسمبر 2025 میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی تھی۔ یکم دسمبر کو دہلی اور کولکاتا میں 10 روپے جبکہ ممبئی اور چنئی میں 11 روپے فی سلنڈر کمی کی گئی تھی۔ اس سے بھی پہلے نومبر 2025 میں قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد لگاتار دو ماہ تک نرخ گھٹے رہے تھے۔ تاہم نئے سال کے آغاز پر یہ رجحان بدل گیا اور قیمتوں میں یکدم اضافہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب گھریلو صارفین کے لیے استعمال ہونے والے 14 کلو گرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر کے نرخ اپریل 2025 سے اب تک جوں کے توں برقرار ہیں۔ اس وقت دہلی میں گھریلو سلنڈر 853 روپے، کولکاتا میں 879 روپے، ممبئی میں 852 روپے اور چنئی میں 868 روپے میں دستیاب ہے۔ماہرین کے مطابق اگر آنے والے مہینوں میں کمرشل گیس کی قیمتیں مزید بڑھتی ہیں تو اس کااثر عام صارفین تک بھی پہنچ سکتا ہے، کیونکہ کاروباری لاگت بڑھنے کا بوجھ بالآخر عوام پر منتقل کیا جاتا ہے۔


















