81 سالہ شیبو سورین کے انتقال کی خبر کے فوراً بعد جھارکھنڈ اسمبلی اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ کے انتقال پر 3 روزہ سرکاری غم کا اعلان کر دیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ شیبو سورین گردے سے متعلق مرض کے سبب تقریباً ایک ماہ سے دہلی کے پرائیویٹ اسپتال میں علاج کرا رہے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر اور وزیر اعظم دونوں نے ہی سر گنگا رام اسپتال پہنچ کر شیبو سورین کا آخری دیدار بھی کیا اور وہاں موجود ہیمنت سورین کی ہمت بندھائی۔ انھوں نے ہیمنت کی بیوی کلپنا سورین کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق شیبو سورین کے جسد خاکی کو سب سے پہلے رانچی کے مورہابادی واقع رہائش پر رکھا جائے گا۔ منگل کی صبح اسے جے ایم ایم کے پارٹی دفتر میں آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے بعد جسد خاکی کو جھارکھنڈ اسمبلی لے اجیا جائے گا، جہاں عوامی نمائندے اور افسران انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ آخری رسومات دوپہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں رام گڑھ ضلع کے نیمرا میں کیا جائے گا۔