نئی دہلی : 13 دسمبر کو لوک سبھا میں سیکورٹی کی کوتاہی کے بعد سے ہی اپوزیشن لیڈران اس معاملے میں سخت کارروائی اور وزیر داخلہ سے بیان دینے کے مطالبے کے درمیان جہاں ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن کو راجیہ سبھا سے معطل کر دیا گیا ہےوہیں اب 9 کانگریس اراکین سمیت 14 اراکین پارلیمنٹ کو بھی لوک سبھا سے پورے سرمائی اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
دراصل جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سیکورٹی میں ہوئی کوتاہی کا ایشو اٹھایا گیا۔ اپوزیشن اراکین نے زوردار ہنگامہ کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ تک کر ڈالا۔ ہنگامہ کے درمیان لوک سبھا کو دوپہر 3 بجے تک کے لیے ملتوی رک دیا گیا کیونکہ اپوزیشن اراکین اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ اس احتجاج میں شامل کانگریس کے جن 9 اراکین لوک سبھا کو پورے سرمائی اجلاس سے معطل کیا گیا ہے ان کے نام ہیں ٹی این پرتاپن، ہبی ایڈین، جیوتی منی، رمیا ہریداس اور ڈین کوریاکوس، وی کے شریکندن، بینی بہن، منیکم ٹیگور، محمد جاوید۔ ان کے علاوہ کنی موژی (ڈی ایم کے)، کے سبرامنیم، ایس آر پرتیبان (ڈی ایم کے)، پی آر نٹراجن (سی پی آئی-ایم) اور ایس ونکٹیشن (سی پی آئی-ایم) کو بھی پورے سرمائی اجلاس کے لیے لوک سبھا سے معطل کر دیا گیا ہے۔