شری گنگا نگر: پاکستان کی سرحد سے متصل راجستھان کے سرحدی علاقے میں ایک بار پھر پاکستانی ڈرون ملا ہے۔ اس ڈرون کے ساتھ اسلحہ، کارتوس اور ہیروئن بھی برآمد ہوئی ہے۔ برآمد کی گئی ہیروئن تقریبا ڈیڑھ کلو بتائی جارہی ہے۔ بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی ڈرون ملنے کے بعد بی ایس ایف اور مقامی پولیس سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ موڈ پر آگئی ہیں۔ سیکورٹی اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ ہر جگہ تلاشی لی جا رہی ہے۔ یہاں یہ ایک ہفتے میں یہ دوسرا پاکستانی ڈرون ملا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ پاکستانی ڈرون ہفتہ کو شریکرن پور سیکٹر کے9 کوہلی چیک پوسٹ کے علاقے سے ملا ہے۔ ڈرون مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اس کے پاس سے منشیات کا ایک پیکیٹ اور اسلحہ ملا ہے۔ ڈرون کے قریب سے ملنے والی منشیات ہیروئن ہے۔ اس کا وزن ڈیڑھ کلو ہے۔ اس کے ساتھ ایک پستول اور میگزین کے ساتھ 8 کارتوس بھی وہاں پڑے ملے ہیں۔
جس کی وجہ سے سرحد پار سے پاکستان سے ڈرون کے ذریعہ ایک بار پھر اسمگلنگ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ لیکن یہ ڈرون واپس نہیں اڑ سکا اور یہیں رہ گیا۔ اس مرتبہ ڈرون کے ذریعے ہیروئن کے ساتھ اسلحہ بھی بھجوایا گیا ہے۔ صبح گاؤں والوں نے ڈرون کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بی ایس ایف سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن چلایا گیا۔