حیدرآباد: باپ کے ساتھ کام پر جانے والی 13سالہ قبائلی لڑکی کی عصمت دری کرتے ہوئے اس کو حاملہ کردیاگیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے شمس آباد منڈل میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق قبائلی تانڈہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی اپنے باپ کے ساتھ قریبی گاؤں میں ایک شخص کی اراضی پر زراعت کے کام کے لیے گئی تھی۔
تاہم، 30 سالہ شخص نے لڑکی کو ڈرا دھمکا کر اس کی عصمت دری کی۔ لڑکی خوفزدہ ہو کر خاموش رہی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے کئی بار اس گھناؤنے جرم کو دہرایاجس کے نتیجہ میں لڑکی حاملہ ہو گئی۔ تقریباً پانچ مہینے گزرنے کے بعد، جب معاملہ سامنے آیا، تو اراضی کے مالک نے لڑکی کو لے جاکر اس کا اسقاط حمل کروایا۔
اس نے معاملے کو دبانے کے لیے اپنے زرعی کھیت میں تانڈہ اور گاؤں کے بزرگوں کو بلا کر معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔اس نے لڑکی کے خاندان کورقم دینے کی بھی پیشکش کی تاہم، لڑکی کے گھر والوں نے رقم قبول نہیں کی اور شمس آباد پولیس سے شکایت کی۔ ان کی شکایت پر ملزم کے خلاف پوکسو کیس درج کر لیا گیا۔