ممبئی، اڈیشہ اور کولکاتا سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کے سبب معمولات زندگی درہم برہم ہے۔ ممبئی میں آبی جماؤ اور ٹریفک جام کی حالت بنی ہوئی ہے، جبکہ اڈیشہ و جنوبی بنگال میں کئی اضلاع میں شدید ترین بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندری ساحلی علاقوں میں لوگوں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ممبئی اور قرب و جوار کے ضلعوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے لگاتار ہو رہی بارش کے سبب کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی حالت بن گئی ہے۔ سیلاب جیسے حالات کو دیکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو بے حد ضروری ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ لوگوں سے گاڑی بھی انتہائی احتیاط کے ساتھ چلانے کی گزارش کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور ایمرجنسی خدمات الرٹ پر ہیں۔ کسی بھی آفت والی حالت میں شہری 100، 112 یا 103 نمبرات پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق خلیج بنگال میں بنے ذیلی دباؤ کے ڈپریشن میں بدلنے سے اڈیشہ میں 25 سے 28 جولائی تک شدید یا شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ خصوصاً میوربھنج اور کیونجھر ضلعوں میں 25 جولائی کو 21 سنٹی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے، جس کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 دیگر اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ خصوصی راحت کمشنر نے سبھی ضلع مجسٹریٹس کو راحت و بچاؤ کاموں کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اور تیز ہواؤں کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے اڈیشہ و بنگال کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں کو 28 جولائی تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ افسران نے کہا کہ سمندر میں موجودہ حالات ماہی گیروں کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ جنوبی بنگال کے کولکاتا، سالٹ لیک، ہاؤڑہ اور دیگر اضلاع میں رات بھر ہوئی بارش کے سبب آبی جماؤ اور ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ سالٹ لیک میں 132 ایم ایم، کولکاتا کے علی پور میں 81 ایم ایم اور دمدم میں 67 ایم ایم بارش درج کی گئی۔ کئی علاقوں میں اسکول بند کیے گئے ہیں اور انتظامیہ نے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔