نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن سے فون پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ پی ایم او کے مطابق، ٹیلی فونک بات چیت کے دوران، صدر پوتن نے 9-10 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والےجی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت سے معذوری ظاہر کی اور پی ایم مودی کو بتایا کہ اس میٹنگ میں روس کی نمائندگی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کریں گے۔ اس کے ساتھ دونوں کے درمیان دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
پوتن نے ایک بار پھر پی ایم نریندر مودی کو چاند کے جنوبی قطب پر چندریان -3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے مبارکباد دی اور خلائی تحقیق میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس حوالے سے انتہائی مثبت رویہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی پی ایم مودی نے ہندوستان کی جی 20 صدارت میں تمام اقدامات کے لیے روس کی مسلسل حمایت کے لیے صدر پوتن کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے متعدد امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ جوہانسبرگ میں حال ہی میں ختم ہونے والی برکس سربراہ کانفرنس سمیت مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پی ایم مودی اور پوتن کے درمیان دو طرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی۔واضح ہو کہ کہ 9 اور 10 ستمبر کو دہلی میںجی 20 سربراہ اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ اس میں دنیا کے 20 طاقتور ترین ممالک کے سربراہان آنے والے ہیں، حالانکہ پوتن اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس وقت ہندوستان جی 20 کی صدارت کر رہا ہے۔