ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دوبارہ نائب سنگھ سینی کو اتفاق رائے سے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی کی میٹنگ میں تمام اراکین نے متفقہ طور پر سینی کے حق میں ووٹ دیا۔ 17 اکتوبر کو ریاست میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب ہوگی، جس کے بعد حکومت کی تشکیل کا باضابطہ عمل شروع کیا جائے گا۔
میٹنگ کے دوران امت شاہ نے دونوں سینئر لیڈروں، انیل وج اور راؤ اندر جیت سنگھ کو ساتھ رکھنے پر زور دیا تاکہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہ پیدا ہو۔ حالیہ دنوں میں ان دونوں رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے دعوے سامنے آئے تھے، جس کے باعث پارٹی میں اندرونی تناؤ کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ خود انیل وج نے نائب سنگھ سینی کے نام کی تجویز پیش کی، جس کے بعد انہیں حمایت مل گئی۔ سابق وزیر داخلہ وج کے ساتھ ساتھ کرشن بیدی نے بھی سینی کے نام کی حمایت کی، جس سے ان کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ ہموار ہو گیا۔