پٹنہ:بہار کی 243 اسمبلی سیٹوں میں سے 87 سیٹیں ایسی ہیں، جہاں مسلم آبادی 20 فیصد سے زیادہ ہے۔ جبکہ 47 اسمبلی سیٹوں پر مسلم آبادی 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہے۔ بہار میں سب سے زیادہ مسلم آبادی سیمانچل علاقہ کے 4 اضلاع میں ہے، جس میں ارریہ، کٹیہار، کشن گنج اور پورنیہ شامل ہیں۔ ان 4 اضلاع میں سے بھی سب سے زیادہ 68 فیصد مسلم آبادی کشن گنج میں ہے۔ اس کے بعد کٹیہار میں 44 فیصد، ارریہ میں 43 فیصد اور پورنیہ میں 38 فیصد مسلم آبادی ہے۔ ان چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 24 اسمبلی سیٹیں آتی ہیں۔
بہار میں روایتی طور پر مسلم ووٹوں کا سب سے بڑا حصہ لالو پرساد یادو کی پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو ملتا رہا ہے۔ دوسری جانب بہار کے موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو کُل مسلم ووٹوں کا قریب 5 فیصد حصہ ملتا رہا ہے۔ 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں جب نتیش کمار کی جے ڈی یو نے بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر انتخاب لڑا تھا، تو انہیں کُل 23.5 فیصد مسلم ووٹ شیئر ملے تھے۔ اس کے بعد جے ڈی یو نے سال 2019 اور 2024 کا لوک سبھا انتخاب این ڈی اے کے ساتھ مل کر لڑا تو بالترتیب 6 فیصد اور 12 فیصد مسلم ووٹ شیئر حاصل کیے۔ جے ڈی یو اور بی جے پی کے ساتھ ان دونوں انتخابوں میں لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) اور ہندوستان عوام مورچہ (ایچ اے ایم) بھی این ڈی اے کا حصہ تھے۔