وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز 18ویں روزگار میلہ کے تحت ہندوستان کے 61 ہزار سے زائد نوجوانوں کے درمیان سرکاری ملازمت کے تقرری نامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کئی ممالک کے ساتھ تجارت اور آمد و رفت سے متعلق معاہدے کر رہا ہے۔ یہ تجارتی معاہدے ملک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع لے کر آ رہے ہیں۔
پی ایم مودی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا سمیت کئی شعبوں میں ہندوستان ایک عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے۔ 2026 کا آغاز آپ کی زندگی میں نئی خوشیوں کا آغاز کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جب بہار کل ہی آئی ہے تو آپ کی زندگی میں بھی نئی بہار کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ وقت آپ کو آئین کے تئیں اپنے فرائض سے بھی جوڑ رہا ہے۔ اتفاق سے اس وقت ملک میں جمہوریہ کا عظیم تہوار جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کل 23 جنوری کو ہم نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر ’پراکرم دیوس‘ منایا، اب کل 25 جنوری کو ’قومی ووٹر ڈے‘ ہے، اس کے بعد 26 جنوری کو ’یوم جمہوریہ‘ ہے۔ آج کا دن بھی خاص ہے۔ آج ہی کے دن ہمارے آئین نے ’جن گن من‘ کو قومی ترانہ اور ’وندے ماترم‘ کو قومی گیت کے طور پر اختیار کیا تھا۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’آج کے اہم دن ملک کے 61 ہزار سے زائد نوجوان زندگی کی نئی شروعات کر رہے ہیں۔ آج آپ سب کو سرکاری خدمات کے تقرری نامے مل رہے ہیں۔ یہ ایک طرح سے ’نیشن بلڈنگ‘ کا دعوت نامہ ہے۔ یہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کو رفتار دینے کا عہد نامہ ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ برسوں میں روزگار میلہ ایک ادارہ بن چکا ہے۔ اس کے ذریعہ لاکھوں نوجوانوں کو حکومت کے مختلف محکموں میں تقرری نامے مل چکے ہیں۔ آج ہندوستان دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں سے ایک ہے۔ ہماری حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ ہندوستان کی نوجوان طاقت کے لیے ملک اور دنیا میں نئے سے نئے مواقع پیدا ہوں۔


















