آر بی آئی کے ذریعہ جون 2023 کے جاری بلیٹن میں مہنگائی کے تعلق سے ایک ایسا تذکرہ کیا گیا ہے جس نے مودی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ اس بلیٹن میں آر بی آئی نے کہا ہے کہ ’’کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کے ذاتی خرچ میں کمی آئی ہے، جس سے بازار میں خریداری کم ہوئی ہے اور سرمایہ کاری رک گئی ہے۔‘‘ آر بی آئی کی اس رپورٹ پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ حکومت آسمان چھوتی مہنگائی پر پردہ ڈالنے کے لیے طرح طرح کے بہانے بناتی ہے، لیکن اب خود ریزرو بینک نے مہنگائی کو لے کر جو رد عمل ظاہر کیا ہے، اس پر مودی حکومت کو جواب دینا چاہیے۔
ملکارجن کھڑگے نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’جب کانگریس پارٹی بولتی ہے کہ مہنگائی ہے… تو مودی جی کے وزراء کہتے ہیں کہ ’مہنگائی دِکھتی ہی نہیں‘۔ جب عوام بولتی ہے کہ مہنگائی ہے… تو مودی حکومت سپلائی، موسم، جنگ سب کا بہانہ بناتی ہے!‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’اب تو حکومت ہند کا آر بی آئی خود کہہ رہا ہے کہ جان لیوا مہنگائی کے سبب عوام کم خرچ کر رہی ہے، جس سے فروخت میں کمی آئی ہے اور پرائیویٹ سرمایہ کاری پر برا اثر پڑا ہے۔ یہ ہماری معیشت کے لیے خطرناک ہے۔ بتائیے مودی جی، آپ آر بی آئی کی اس رپورٹ پر کیا جواب دیں گے؟‘‘ ٹوئٹ کے آخر میں کھڑگے نے لکھا ہے ’’اچھے دن = ناممکن۔‘‘