بھوپال :وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے جن اشٹمی کے موقع پر سی ایم ہاؤس میں منعقدہ پترکار سماگم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجدھانی کے پترکار بھون کی زمین پرنئے میڈیا سینٹر کی تعمیر کی جائے گی اور ضرورت کے مطابق صحافیوں کے رہائش کے مسائل کو حل کرنے کے لئے صحافیوں کی سو سائٹیوں کو زمین الاٹ کی جائیگی ۔ بیمہ کمپنی کے ذریعہ پریمیم کی رقم میں ستائیس فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے لیکن اس کے لئے صحافیوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بیمہ کی اضافی رقم کو صوبائی سرکار کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔
سابقہ سالوں کی طرح ہی صحافیوں کو پریمیم کی رقم ادا کرنا ہوگی اور جو صحافی پینسٹھ سال سے زیادہ عمر کے ہیں ان کے پریمیم کی رقم سرکار کے ذریعہ ادا کی جائے گی۔ بیمہ اسکیم کی تاریخ سولہ ستمبر ہے جسے بڑھا کر پچیس ستمبر کیا جائے گا۔بیمار ہونے پر صحافیوں کو جو بیس ہزار روپیہ کی رقم کا مالی تعاون دیا جاتا تھا اب اس رقم کو بڑھا کر چالیس ہزار کیا جاتا ہے اور پیچیدہ بیماریوں میں دی جانے والی پچاس ہزار کی رقم کو بڑھا کر ایک لاکھ روپیہ کیا جاتا ہے۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے جن اشٹمی کے موقع پر سی ایم ہاؤس میں منعقدہ پترکار سماگم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ صحافیوں کو دی جانے والی سمان ندھی کی رقم میں بھی اضافہ کیا جاتا ہے اب یہ رقم دس ہزار کی جگہ بیس ہزار روپیہ کی جاتی ہے۔اور ایکریڈیٹڈ صحافی ہیں ان کے رہائش کے لئے آواس انودان یوجنا کی رقم پچیس لاکھ سے بڑھا کر تیس لاکھ کی جاتی ہے۔ چھوٹے شہروں اور قصبات کے صحافیوں کی ڈیجیٹل ٹریننگ کے لئے بھی قدم اٹھایا جائے گا۔اسی طرح سے صحافیوں کی سیکوریٹی کے لئے سینئر صحافیوں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گا اور کمیٹی کے فیصلہ پر سرکار کے ذریعہ عمل کیا جائے گا۔
شیوراج سنگھ کے ذریعے کئے جانے والےان اعلانات کو بی جے پی نےجہاں انقلابی قدم قرار دیاہے۔ وہیں کانگریس نے اسے انتخابی لولی پاپ سے تعبیر کیا ہے۔ان اعلانات سے اب صحافی کتنے متاثر ہوتے ہیں ،اس کے لئے انتظار کرنا پڑے گا ۔