نئی دہلی:دارالحکومت دہلی میں جی 20 کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے دنیا کے تمام طاقتور لیڈران ہندوستان آ رہے ہیں جن میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر بائیڈن کی دوسری کووڈ 19 ٹسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ نئی دہلی میں جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے جمعہ کو ہندوستان جائیں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ اس دوران امریکی صدر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ یہ اعلان پیر کو امریکی خاتون اول جل بائیڈن کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ جو بائیڈن رہنما اصولوں پر عمل کریں گے اور اپنا ماسک اسی وقت ہٹائیں گے جب وہ سماجی طور پر دوسروں سے دور ہوں گے۔
امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ مریکی صدر جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے جمعہ کو ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ صدر بائیڈن جمعہ کو وزیر اعظم مودی سے دو طرفہ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ سربراہ اجلاس کے دوران بائیڈن جی 20 کی قیادت کیلئے وزیر اعظم مودی کی ستائش کریں گے۔غور طلب ہے کہ ہندوستان کو جی 20 اجلاس کی صدارت کی ذمہ داری ملی ہے۔ اجلاس 9 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد کیا جائے گا ۔ جی 20 کانفرنس میں 29 ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سمیت 14 بین الاقوامی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔