پٹنہ : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بعد بہارکے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات وقت سے پہلے ہوسکتے ہیں -نالندہ یونیورسیٹی کے نئے کیمپس کا فتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت قبل از وقت لوک سبھا الیکشن کرا سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ کوئی ضروری نہیں کہ انتخاب وقت پر ہو، مرکز والے پہلے بھی کرا سکتے ہیں۔یہ بات ہم سات آٹھ ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ یہ لوگ پہلے بھی انتخاب کرا سکتے ہیں، اس لیے اپوزیشن کو متحد ہونا چاہیے۔
اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں نتیش کمار نے کہا کہ میری کوئی ذاتی خواہش نہیں ہے۔ ہمارا مقصد بس یہ ہے کہ اپوزیشن کے تما م لوگ متحد ہوجائیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کی ممبئی میں ہونے والی میٹنگ میں نئی پارٹیوں کے شامل ہونے کے تعلق سے نتیش کمار کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ بھی کہنا مناسب نہیں ہے۔
اس سے پہلے لکاتا میں وزیر ااعلیظ ممتا بنرجی نےکہا تھا کہ بی جے پی اگلے لوک سبھا انتخابات رواںسال دسمبر یا اگلے سال جنوری میں کرا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت الیکشن کمیشن آف انڈیا کے آئین کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔’ترنمول چھاتر پریشد‘ کی تقریب سے خطاب میںممتا نے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ لوک سبھا کے لیے پولنگ قبل از وقت ہوسکتی ہے۔