بنگلور: کرناٹک کے ضلع رام نگر میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جس میں ایک سات سالہ بچی کو گنیش پنڈال سے اغوا کر لیا گیا۔ سوشیل میڈیا اطلاعات کے بموجب اغوا کار نے یہ سنگین قدم اپنی بیڑی، گانجہ اور سگریٹ کی لت کو پورا کرنے کے لیے اٹھایا۔ ملزم کی شناخت درشن کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی نشہ کی عادت کو برقرار رکھنے کے لیے بچی کے خاندان سے دو لاکھ کا مطالبہ کر رہا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے بچی کو رام نگر کے ایک گنیش پنڈال سے اس وقت اغوا کیا جب وہاں مذہبی تقریبات کا سلسلہ جاری تھا۔ اغوا کے بعد ملزم نے بچی کے ہاتھ اور منہ پر ٹیپ باندھ دی تاکہ وہ چیخ نہ سکے اور کسی کو مدد کے لیے نہ پکار سکے۔ اغوا کار نے بچی کے والدین سے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔جب بچی لاپتہ ہوئی تو اس کے والد نے فوری طور پر اس کی تلاش شروع کر دی۔ انہوں نے علاقے کے نوجوانوں کو بھی اس بارے میں اطلاع دی اور مل کر بچی کی تلاش کی۔ نوجوانوں نے پنڈال اور آس پاس کے علاقے میں تلاشی شروع کی اور بالآخر ایک سنسان مقام پر بچی کو اغوا کار کے چنگل سے آزاد کروا لیا۔نوجوانوں نے ملزم درشن کو موقع پر ہی پکڑ لیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔