نئی دہلی :وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے میکسیکو، بوسنیا ہِرزے گووینا اور آرمینیا کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں کی ہیں۔ جناب جے شنکر نے یہ ملاقاتیں نیویارک میں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر کی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ اُنھیں، میکسیکو کی وزیر خارجہ الیسیابارسیناابیرا سے ملکر خوشی ہوئی۔ ڈاکٹر جے شنکر نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے شراکت داری کو آگے لے جانے پر تبادلہ خیال کیا، جس میں تجارت، سائنس و ٹکنالوجی، تعلیم، معیشت اور روایتی طریقہ علاج پر توجہ دی گئی۔ انھوں نے جی ٹوئنٹی میں کثیر ملکی نظام اور ملکر کام کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر جے شنکرنے بوسنیا ہِرزے گووینا کے وزیر خارجہ علم الدین کوناکووِچ سے بھی ملاقات کی اور بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ خیال کیا، جس میں انھوں نے تجارت اور معیشت پر خاص توجہ دی۔ انھوں نے آرمینیا کے اپنے ہم منصب عرفات مِرزویان سے بھی ملاقات کی اور کوہِ قاف میں موجودہ صورتحال پر، مِرزویان کی طرف سے اظہارِ خیال کئے جانے کو سراہا۔