پٹنہ: ’انڈیا اتحاد‘ نے الیکشن کمیشن کے اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) یعنی ووٹر لسٹ میں نظرثانی کی مہم کے خلاف ریاست گیر چکہ جام اور بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی، کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں، وی آئی پی پارٹی اور پپو یادو کی قیادت والی جن ادھیکار پارٹی سمیت مہاگٹھ بندھن کی تمام حلیف جماعتیں اس احتجاج میں شریک ہیں، جو انڈیا اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔ چکہ جام کے تحت پٹنہ کے سیکریٹریٹ ہالٹ ریلوے اسٹیشن پر کانگریس کارکنوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ٹرینوں کی آمدورفت روک دی، جس سے کئی لوکل اور پسنجر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ کانگریس کارکنوں کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایس آئی آر مہم کے تحت لاکھوں اہل ووٹرز کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹے جا رہے ہیں، جس میں دلت، مسلمان، آدیواسی اور مہاجر مزدور سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ احتجاجی کارکنوں نے انتخابی عمل کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج پٹنہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ بہار بند اور چکہ جام کی حمایت میں ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔ راہل گاندھی دہلی ایئرپورٹ سے پرواز کے ذریعے روانہ ہوئے اور ان کی آمد کے بعد وہ براہ راست آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ انکم ٹیکس گولمبر سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک پیدل مارچ کریں گے۔ راہل گاندھی ممکنہ طور پر حالیہ قتل کیس کے متاثرہ گوپال کھیمکا کے خاندان سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔