مہاراشٹر کے دھولے میں منگل کے روز ایک کنٹینر ٹرک نے دو گاڑیوں کو ٹکر مار دی اور سڑک کنارے واقع ڈھابے اور بس اسٹاپ سے جا ٹکرایا۔ اس سے کم از کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی اور 25 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ ایک افسر نے یہ جانکاری دی۔موقع پر موجود پولیس انسپکٹر سریش شرساٹ نے بتایا کہ یہ خوفناک حادثہ دوپہر میں پلاسنیر گاؤں کے پاس ہوا جب سیمنٹ سے لدے ٹرک کا بریک فیل ہو گیا اور اس نے کنٹرول گنوا دیا۔ ٹرک نے ڈھابے کے باہر کھڑی دو کاروں میں ٹکر مار دی اور پھر سیدھے سڑک پر بس اسٹاپ کے پاس ڈھابے کے اندر جا گھسا۔
شرساٹ نے کہا کہ مہلوکین میں بس اسٹاپ پر انتظار کر رہے دو نابالغ اسکولی بچے اور ٹرک کی زد میں آئی کاروں میں سوار دو لوگ بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں تین کی حالت ’سنگین‘ بتائی گئی ہے اور اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ حادثہ اس وقت ہوا جب ٹرک مدھیہ پردیش سے دھولے کی طرف جا رہا تھا۔ سینئر افسران جانچ کے لیے جائے حادثہ پر پہنچے اور سڑک کو معمول کے ٹریفک کے لیے صاف کر دیا گیا۔