نئی دہلی : پہاڑی ریاستوں میں ہوئی زوردار بارش کی وجہ سے پنجاب، اتر پردیش اور بہار کی کئی ندیوں میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے جس سے سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ حالانکہ زوردار بارش نے شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو کچھ راحت پہنچائی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ ایک ہفتہ تک جاری رہنے کی امید ہے۔ یوپی کی بات کی جائے تو یہاں تین دنوں سے کبھی دھیمی تو کبھی تیز بارش ہو رہی ہے۔ بہار میں راجدھانی پٹنہ سمیت کئی دیگر اضلاع میں بھی ہفتہ کو زوردار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں کے اضلاع میں آواز کے ساتھ تیز بارش اور بجلی گرنے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
اتراکھنڈ میں ہفتہ کو ایک بار پھر طوفانی بارش سے لینڈ سلائڈنگ کی اطلاع ملی تھی۔ اسی طرح آج بھی ریاست کے اُترکاشی، چمولی، رُودرپریاگ، پتھوراگڑھ اور باگیشور سمیت کئی اضلاع میں تیز بارش کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں کیدار ناتھ ہائی وے پر ڈولیا دیوی کے پاس لینڈ سلائیڈ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہائی وے پر بڑے بڑے بلڈوزر جمع ہوگئے اور آمد ورفت پر اس کا زبردست اثر پڑا ہے۔ چمولی میں بھی گوچر کے کمیڑا میں بدری ناتھ نیشنل ہائی وے ٹھپ ہے۔