نئی دہلی:محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش، بہار، راجستھان اور اتراکھنڈ میں اگلے کچھ دن موسم کا مزاج جدا جدا رہے گا۔ دہلی میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ اتر پردیش میں 20 مارچ سے بارش شروع ہو سکتی ہے۔ بہار میں 22 اور 23 مارچ کو تیز بارش اور ژالہ باری ہونے کے آثار ہیں۔ راجستھان میں ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے کئی ضلعوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ اتراکھنڈ، اُتر کاشی، چمولی اور پتھوراگڑھ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکم، آسام اور اروناچل پردیش میں ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہوئی۔ کیرالہ میں ہلکی بارش کے ساتھ کچھ مقامات پر شدید بارش بھی دیکھنے کو ملی۔وہیں اسکائی میٹر کے مطابق آج (جمعرات) اروناچل پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری ہو سکتی ۔ کیرالہ، مضافاتی تمل ناڈو، کرناٹک کے جنوبی ساحلی علاقے، لکش دیپ اور انڈمان اور نکوبار جزائر گروپ کے جنوبی حصوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
آج دہلی-نوئیڈا میں ہلکی ہوا چل سکتی ہے لیکن درجہ حرارت 32 ڈگری بنا رہ سکتا ہے۔اگلے ہفتے تک راجدھانی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ وہیں پہاڑوں کی بات کریں تو وہاں پر موسم کافی ٹھنڈا بنا ہوا ہے۔ جموں و کشمیر میں ہو رہی برفباری کی وجہ سے وہاں پر درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ کے میدانی علاقوں میں بھی لوگوں کو گرمی کا احساس ہونے لگا ہے۔