زیورات کے شوقین افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے اچھی خبر ہے۔ سونا اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں بدھ کے روز بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 3,700 روپے سے زیادہ کم ہوئی ہے، جبکہ چاندی 10,600 روپے فی کلو تک سستی ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کمی عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی فراہمی میں اضافے اور اقتصادی استحکام کے اشاروں کی وجہ سے آئی ہے۔انڈیا بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 1,23,907 روپے رہ گئی ہے، جو اس سے قبل 1,27,633 روپے تھی۔ اس طرح سونے میں 3,726 روپے کی نمایاں کمی درج ہوئی ہے۔
اسی طرح، 22 قیراط سونا اب 1,13,499 روپے فی 10 گرام پر دستیاب ہے، جو پہلے 1,16,912 روپے تھا۔ 18 قیراط سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 92,930 روپے فی 10 گرام رہ گئی ہے، جبکہ اس کی سابقہ قیمت 95,725 روپے تھی۔چاندی کی قیمت میں بھی بھاری کمی دیکھنے کو ملی۔ اب چاندی 10,549 روپے سستی ہو کر 1,52,501 روپے فی کلو تک آ گئی ہے۔ اس سے پہلے اس کی قیمت 1,63,050 روپے فی کلو تھی۔ یہ گراوٹ ایسے وقت میں دیکھی گئی ہے جب دیوالی کی تعطیل کے باعث منگل کو بلین مارکیٹ بند رہی تھی۔ اس سے پہلے پیر کو قیمتوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی تھی لیکن بدھ کے روز کھلنے کے بعد مارکیٹ میں اچانک مندی دیکھی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تجارتی محصولات (ٹیرف) پر نرم مؤقف اور عالمی منڈیوں میں استحکام کے اشارے سرمایہ کاروں کو خطرے سے بچنے والی سرمایہ کاری (سیف ہیون) سے ہٹا رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں سونا اور چاندی جیسی قیمتی دھاتوں میں طلب گھٹنے سے قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان جاری رہا تو آئندہ کچھ دنوں میں مزید گراوٹ بھی ممکن ہے، جس سے خریداروں کے لیے سونا چاندی خریدنے کا سنہری موقع پیدا ہو سکتا ہے۔


















