نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو نئی دہلی جی-20 سربراہ اجلاس کے اختتام کے اعلان کےساتھ صدارت برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کو سونپ دی۔اب برازیل اگلے ایک سال تک جی-20 کی صدارت کرے گا۔صدارت سونپتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے امید ظاہر کی کہ برازیل کی صدارت میں جی-20 گروپ مشترکہ ایجنڈے کو مزید آگے بڑھائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے برازیل کے صدر کو بھی مبارکباد پیش کی۔
جی20 سربراہ اجلاس کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے تمام رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ نومبر کے آخر میں ورچوئل میڈیم کے ذریعے ایک بار پھر ملاقات کریں اور اس میٹنگ کے دوران کیے گئے فیصلوں کا جائزہ لیں۔ تقریب کا اعلان کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں امید اور امن ہونا چاہیے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نیک خواہشات کے ساتھ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ‘جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، ہندوستان کے پاس نومبر تک جی 20 کی صدارت کی ذمہ داری ہے۔ ابھی ڈھائی ماہ باقی ہیں۔ ان دو دنوں میں آپ سب نے بہت سی باتیں یہاں رکھیں۔اپنی اپنی تجاویز پیش کِیں۔اب ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ جو تجاویز آئی ہیں ان کو ایک بار پھر دیکھیں اور اس بت پر غور کریں کہ ان تجاویز پر کس طرح کام ہو سکتا ہے۔
پی ایم مودی نے تجویز پیش کی کہ ہم نومبر کے آخر میں جی 20 کا ایک اور ورچوئل اجلاس منعقد کریںاور اس سربراہ اجلاس کے دوران طے شدہ موضوعات کا جائزہ لیں۔ ہماری ٹیم ان سب کی تفصیلات آپ سب کے ساتھ شیئر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ سب اس سے جڑیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ہی انداز میںہائی نیس، ایکسی لینسی، اس کے ساتھ میں جی20 سمٹ کے اختتام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل کا روڈ میپ خوشگوار ہونا چاہیے۔ سواستی استو وشواسیا کا مطلب ہے کہ پوری دنیا میں امید اور امن ہونا چاہیے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے اس نیک خواہش کے ساتھ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔
خیال رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ سال بالی سربراہی اجلاس کے دوران انڈونیشیا سے جی-20 کی صدارت حاصل کی تھی۔ مالی شمولیت کو وسعت دینا اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ساتھ کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں (ایم ڈی بیز) کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے مضبوط بنانا، گلوبل ساؤتھ کی آواز کو بڑھانا اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانا ہندوستان کی جی-20 صدارت کے اہم اہداف ہیں۔