الور: دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر نوگاؤں تھانہ علاقے میں ایک خوفناک سڑک حادثہ میں سابق مرکزی وزیر جسونت سنگھ کی بہو اور سابق ایم پی مانویندر سنگھ کی بیوی چترا سنگھ کی موت ہو گئی، جبکہ مانویندر سنگھ اور ان کے صاحبزادے ہمیر سنگھ شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں الور کے سولنکی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں مانویندر سنگھ کی کار کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہو گیا۔ وہ بڑودامیو اسپتال میں زیر علاج ہے۔ لیکن اسے علاج کے لیے الور بھی ریفر کر دیا گیا ہے۔ مانویندر سنگھ گاڑی چلا رہے تھے اور ان کی بیوی چترا سنگھ ان کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھی تھیں۔ مانویندر کا بیٹا ہمیر سنگھ اور ڈرائیور پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے۔
باڑمیر کے سابق ایم پی مانویندر سنگھ اپنی بیوی چترا اور بیٹے ہمیر سنگھ کے ساتھ دہلی سے جے پور جا رہے تھے۔ دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر پوائنٹ 82.8 کلومیٹر رسگن اور خوش پوری کے درمیان، گاڑی اچانک اپنا توازن کھو بیٹھی اور پلیا سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں مانویندر سنگھ کی بیوی چترا سنگھ کی موت ہو گئی۔ جبکہ مانویندر سنگھ اور ان کے بیٹے کی حالت تشویشناک ہے۔ ان دونوں کو فوری طور پر علاج کے لیے الور کے سولنکی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ چترا سنگھ کی لاش کو راجیو گاندھی اسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ مانویندر سنگھ، ان کےبیٹے اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔