وجے واڑہ: آندھرا کے سابق وزیر اعلیٰ اور ٹی ڈی پی سربراہ چندرابابو نائیڈو کو انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چندرا بابو کو آج صبح 6 بجے گرفتار کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف آئی پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ معلومات دیتے ہوئے ٹی ڈی پی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے ٹی ڈی پی سربراہ اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کو نندیال میں گرفتار کیا ہے۔
ٹی ڈی پی نے اس کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ دوسری جانب ٹی ڈی پی سربراہ اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کا پتہ لگانے کے بعد سی آئی ڈی چندرا بابو کو طبی معائنہ کے لیے لے گئی ہے۔ ہم ضمانت کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔ بتایا گیا کہ چندرا بابو نائیڈو کو ہفتہ کو سی آئی ڈی نے سکل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ نائیڈو کے خلاف لگائی گئی دفعات غیر ضمانتی ہیں۔ اس معاملے کی ایف آئی آر 2021 میں درج کی گئی تھی۔
چندرا بابو نائیڈو کو طبی معائنہ کے لیے نندیال اسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ہفتہ کے اوائل میں، سی آر پی سی کی دفعہ 50 (1) (2) کے تحت چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ چندرابابو نائیڈو کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ نندیال قصبے میں ایک جلسہ عام میں تقریر کرنے کے بعد اپنی وینٹی وین میں آرام کر رہے تھے۔ اس معاملے میں پولیس نے کہا کہ عدالت کو تمام تفصیلات اور مواد دستیاب کر دیا گیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کیا اور انہیں ان کے قافلے میں لے جایا جائے گا۔