ممبئی : گزرے دور کی معروف اداکارہ کامنی کوشل کا 98 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے بدھ کے روز آخری سانس لی۔ کامنی کوشل ہندی فلموں کی اُن اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں جنہوں نے 40 کے عشرے سے لے کر 60 کے عشرے تک فلموں میں مرکزی کردار نبھائے۔ اس دوران انہوں نے دلیپ کمار اور دیو آنند کے ساتھ رومانس بھی کیا۔ بعد میں انہوں نے کرکٹر آرٹسٹ کے طور پر بھی شاندار کام کیا اور ناظرین کے دلوں پر راج کیا۔ ان کے انتقال سے پورے بالی ووڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اداکارہ کامنی کوشل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے ایک قریبی ذرائع نے ان کے خاندان کی جانب سے پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کامنی کوشل کا خاندان ہمیشہ سے ہی لائم لائٹ سے دور رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال کی خبر 2 دنوں بعد سامنے آئی ہے۔

















