بانسواڑہ: کانگریس نے ’یووا نیائے‘ (نوجوانوں سے انصاف) کے لیے 5 بڑی گارنٹی کا اعلان کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جس طرح ہم منریگا لائے، روزگار کا حق لائے اسی طرح اب ہم ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو اپرینٹس شپ کا حق دینے جا رہے ہیں۔ اس حق کے تحت اب ہر گریجویٹ اور ڈپلومہ ہولڈر کو پرائیویٹ کمپنیوں و سرکاری دفاتر میں ایک سال کی اپرینٹس شپ دی جائے گی اور اس دوران اسے ایک لاکھ روپے بھی دیئے جائیں گے۔راجستھان کےبانسواڑہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے تاریخی کام کیا ہے۔ ہم منریگا پروگرام لائے تھے۔ روزگار کا حق لائے، جس سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہوا۔ اسی طرح ہم ہندوستان کے تمام نوجوانوں کو اپرینٹس شپ کا حق دینے جا رہے ہیں۔ یہ حق ہر گریجویٹ اور ڈپلومہ ہولڈر کو ملے گا۔ کالج، یونیورسٹی سے ڈپلومہ کے فوراً بعد ہر گریجویٹ کو پرائیویٹ کمپنی یا سرکاری دفتر میں ایک سال کی اپرینٹس شپ دی جائے گی اور اسے ایک سال میں ایک لاکھ روپے بھی دیے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ جو لاکھوں لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم بے روزگار ہیں۔ کالج کے فوراً بعد انہیں اگلے دن اپرینٹس شپ مل جائے گی۔ یہ سب قانونی حق ہوگا۔ اس سے ملک کے کروڑوں نوجوان کو فائدہ ہوگا، انہیں ٹریننگ ملے گی اور ایک طرح سے انہیں ایک سال کا روزگار ملے گا۔
کانگریس کے سابق صدر نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی کانگریس کی گارنٹی کا ذکر کرتے ہوئے 5 گارنٹیوں کا ذکر بھی کیا۔ پہلی گارنٹی کے طور پر انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی مرکزی حکومت میں 30 لاکھ ملازمتوں کی گارنٹی دیتی ہے۔ ہم ایک کیلنڈر جاری کریں گے اور اس کے مطابق بھرتی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔‘‘ دوسری گارنٹی انہوں نے ملازمت کی دی اور کہا کہ ’’ایک نیا اپرینٹس شپ رائٹس ایکٹ بنایا جائے گا جو ہر ڈپلومہ ہولڈر یا کالج گریجویٹ کو سرکاری یا پرائیویٹ شعبے کی کمپنی میں ایک سالہ اپرنٹس شپ (تربیت) کی گارنٹی دے گا۔ اس دوران تربیت حاصل کرنے والے ہر نوجوان کو ہر سال 1 لاکھ روپے یعنی کہ 8,500 روپے ہر ماہ ملیں گے۔
راہل گاندھی نے تیسری گارنٹی امتحانات میں سوالناموں کے افشا (پیپر لیک) ہونے کو روکنے کی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی عوامی امتحانات میں کسی بھی طرح کی ملی بھگت یا سازش کو روکنے اور ایمانداری و انصاف کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے نئے قوانین کی گارنٹی دیتی ہے۔ ہم نئے قوانین لا کر پیپر لیک کو مکمل طور پر روکیں گے جو اس وقت کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر رہا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے چوتھی گارنٹی معاشی تحفظ سے متعلق دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس ’گِگ اکنامی‘ (معیشت کا آزادانہ و غیر منظم نظام) میں ہر سال روزگار ڈھونڈنے والے لاکھوں نوجوانوں کے لیے بہتر ورکنگ کنڈیشن اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون بنانے کی گارنٹی دیتی ہے۔‘‘ پانچویں گارنٹی انہوں نے ’یووا روشنی‘ کی دی اور کہا کہ ’’کانگریس پانچ سال کی مدت کے لیے ملک کے تمام اضلاع کو 5,000 کروڑ روپے کا فنڈ دے گی۔ جس کی مدد سے 40 سال سے کم عمر کے نوجوان کسی بھی شعبے میں اپنے کاروبار کے لیے اسٹارٹ اپ فنڈنگ حاصل کر سکیں گے۔