نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ووٹ شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑا جائے گا۔ اس سلسلے میں یو آئی ڈی اے آئی اور اس کے ماہرین کے درمیان تکنیکی صلاح و مشورہ جلد شروع ہونے کی جانکاری بھی الیکشن کمیشن نے دی ہے۔ اب اس معاملے میں کانگریس کا مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی ووٹ دینے کے حق سے محروم نہ کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے سیکورٹی اقدام کا پارٹی استقبال کرتی ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی اس معاملے میں اپنا مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے، لیکن ساتھ ہی انھوں نے کچھ تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’آج الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آدھار کو ووٹر شناختی کارڈس سے جوڑے گا۔ کانگریس اور انڈیا اتحاد کی پارٹیاں لگاتار ووٹر لسٹ کے ایشوز اٹھاتی رہی ہیں، جس میں غیر معمولی طریقے سے ووٹر لسٹ میں زیادہ لوگوں کا نام جوڑنا، نقلی ووٹر شناختی کارڈ سمیت کئی اہم ایشوز ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آدھار سے نقلی ووٹر شناختی کارڈ کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، لیکن سب سے غریب اور سب سے زیادہ محروم طبقات کے افراد کو آدھار لنک کرنے میں مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی بھی ہندوستانی اپنے ووٹ دینے کے حق سے محروم نہ رہے اور رازداری سے متعلق فکر کا حل بھی تلاش کرنا چاہیے۔‘