آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے آج این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری اور دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو کے ساتھ میرانڈا ہاؤس، کیمپس لاء سینٹر ( سی ایل سی) اور ہندو کالج کا دورہ کیا۔ اس دوران طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے آئندہ دہلی یونیورسٹی طلبا یونین (ڈی یو ایس یو) انتخاب میں این ایس یو آئی کے امیدواروں کی جیت کو لے کر پورے اعتماد کا اظہار کیا۔
سچن پائلٹ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی یونیورسٹی ہمارے ملک کی سب سے اہم یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔ سبھی چار این ایس یو آئی امیدوار طلبا کی حمایت اور اعتماد سے یقینی طور سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی تبدیلی چاہتی ہے۔ وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی ناکامی سے واقف ہے۔ یونیورسٹی کے طلبا ہمارے نظریہ اور ویژن پر بھروسہ کرتے ہیں اور یہ نتیجوں میں بھی صاف طور پر دکھائی دے گا۔
یہ دورہ این ایس یو آئی پینل 5225 کے وسیع رابطہ مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد طلبا سے رابطہ قائم کرنا ہے اور طلبا سیاست کو مضبوط بنانا ہے۔ ورون چودھری کی قیادت میں این ایس یو آئی ترقی پسند، جامع اور طلبا کے لیے معاون ماحول پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ این ایس یو آئی میڈیا شعبہ کے صدر روی ہنومان پانڈے کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی گئی۔