چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں منگل کی شام ایک خوفناک ریل حادثہ پیش آیا، جب گویرا روڈ سے بلاسپور جا رہی ایک مسافر ٹرین ایک کھڑی ہوئی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے، جبکہ 20 مسافر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ حادثہ بلاسپور-کٹنی سیکشن پر پیش آیا، جہاں تصادم کے باعث ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اوورہیڈ تار اور سگنلنگ سسٹم کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد ریلوے حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
جنوب مشرقی وسطی ریلوے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں حادثے کی وجہ ’سگنل اوورشوٹ‘ یعنی سگنل کی خلاف ورزی پائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، لوکل ٹرین نے لال سگنل کو نظرانداز کرتے ہوئے کھڑی مال گاڑی کے پچھلے حصے میں ٹکر ماری، جس سے کئی ڈبے الٹ گئے۔
ریلوے نے کہا کہ سگنل سسٹم کی مرمت اور پٹریوں کی صفائی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ حادثے کے بعد بلاسپور سے گزرنے والی متعدد ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے اور اس سیکشن پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

















