محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمالی ہند کے کچھ علاقوں میں سرد لہر کی وارننگ جاری کی ہے۔ کہیں کہیں پالا بھی پڑ سکتا ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو بھی دہلی کے کئی علاقوں میں سرد لہر چل سکتی ہے۔ دہلی میں محکمہ موسمیات نے دو دن کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ دونوں دن کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دسمبر کی شروعات میں درجہ حرارت 37 برسوں میں پہلی بار 5 ڈگری سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس مدت کے دوران سب سے کم درجہ حرارت 6 دسمبر 1987 کو 4.1 ڈگری درج کیا گیا تھا۔اتر پردیش میں بھی موسم کے مزاج نے تیزی سے تبدیلی لیتے ہوئے ٹھنڈ کا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق ریاست میں 11 اور 12 دسمبر کے لیے بارش کا الرٹ ہے، ان میں مظفرنگر، میرٹھ، مراد آباد، امروہا، رام پور، غازی آباد، ہاپڑ، بلند شہر، سنبھل، متھرا، پیلی بھیت، بریلی، لھیم پور کھیری، بدایوں، شاہجہاں پور، علی گڑھ، ہاتھرس کا نام شامل ہے۔ یوپی میں دسمبر کے آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 4 ڈگر تک گرنے کا امکان ہے۔
بہار میں بھی پچھوا کے بہاؤ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ریاست میں شدید ٹھنڈ پڑ سکتی ہے۔ ریاست میں شام 5 بجے کے بعد درجہ حرارت میں بہت تیزی سے گراوٹ آ رہی ہے۔ بہار کے کئی ضلعوں میں بادل چھائے رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
وہیں دوسری طرف جنوبی ہند میں اس وقت کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ دسمبر مہینہ میں تمل ناڈو، کیرالہ اور ساحلی ریاستوں میں بارش ہوتی ہے۔ آج 12 دسمبر کو بھی کیرالہ، ماہے، کوسٹل آندھرا پردیش، ینم، تمل ناڈو اور داخلی کرناٹک میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔