نئی دہلی : دہلی کے اوکھلا ریلوے اسٹیشن پر ’تاج ایکسپریس‘ میں آگ لگنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 2280 ’تاج ایکسپریس‘ ٹرین اوکھلا-تغلق آباد بلاک سیکشن پہنچی تھی تبھی ایک کوچ میں آگ لگ گئی، اور پھر یہ پھیلتے ہوئے چار ڈبوں تک پہنچ گئی۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی احتیاطاً ٹرین کے باقی حصوں کو لگیج کمپارٹمنٹ سے الگ کر دیا گیا ہے۔آتشزدگی واقعہ کی خبر ملتے ہی ڈی آر ایم دہلی اور دیگر افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ چکی ہے اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس حادثہ کی ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں آگ کی تیز لپٹیں اٹھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو میں آسمان میں دھواں پھیلتا ہوا بھی دکھائی دے رہا ہے۔
اس درمیان سی پی آر او شمالی ریلوے نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ تغلق آباد-اوکھلا کے درمیان تاج ایکسپریس کی دو بوگیوں میں آگ لگ گئی ہے۔ سبھی مسافر محفوظ ہیں، انھیں ٹرین سے اتار لیا گیا ہے۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔ ڈی سی پی ریلوے کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 6 فائر ٹنڈرس جائے حادثہ پر بھیجے گئے ہیں۔