نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات کے نتائج کل یعنی 4 جون کو سامنے آجائیں گے لیکن یکم جون کو ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سے ایک ہنگامہ برپا ہے۔ یہ ہنگامہ ایگزٹ پول جاری کرنے والے اداروں نے مچا رکھا ہے جس میں انہوں نے این ڈی اے کو زبردست اکثریت ملتا ہوا دکھایا ہے۔ اس ایگزٹ پول کے آنے کے بعد کانگریس کی لیڈر سونیا گاندھی کا پہلا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظار کیجیے، ہمیں پوری امید ہے کہ نتائج ایگزٹ پول کے بالکل برعکس ہماری توقع کے مطابق ہوں گے۔
سونیا گاندھی ڈی ایم کے دفتر میں منعقد ایک پروگرام میں حصہ لینے آئی تھیں۔ یہ باتیں انہوں نے یہاں سے روانہ ہوتے ہوئے کہیں۔ اس سے قبل سونیا گاندھی نے ڈی ایم کے کے قدآور لیڈر ایم کروناندھی کو ان کے 100ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ دراصل زیادہ تر ایگزٹ پولز نے پیش گوئی کی ہے کہ پی ایم مودی مسلسل تیسری مدت کے لیے اقتدار میں رہیں گے اور بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل ہو سکتی ہے۔ کچھ ایگزٹ پولز نے این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں دی ہیں، جبکہ زیادہ تر نے پیش گوئی کی ہے کہ بی جے پی کی قیادت والا اتحاد 350 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گا۔ یہ تعداد حکومت بنانے کے لیے درکار 272 نشستوں سے بہت زیادہ ہے۔
اس انتخاب میں کانگریس اور دیگر انڈیا الائنس کی پارٹیوں کو تقریباً 150 سیٹیں ملنے کا اندازہ ایگزٹ پول نے ظاہر کیا ہے، جسے اپوزیشن نے مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سروے خیالی ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کو کہا تھا کہ اسے ایگزٹ پول نہیں کہا جائے گا بلکہ اس کا نام ’مودی میڈیا پول‘ ہے۔ یہ مودی جی کا پول ہے، یہ ان کا خیالی پول ہے۔ کانگریس لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ انڈیا اتحاد کم از کم 295 سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گا۔ اس سے قبل کروناندھی کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ مجھے کروناندھی کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ڈی ایم کے ساتھیوں کے ساتھ یہاں آکر خوشی ہو رہی ہے۔ مجھے کئی مواقع پر ان سے ملنے، ان کی باتیں سننے اور ان کے علم و نصیحت سے مستفید ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ میں نے ان سے مل کر خود کو خوش قسمت محسوس کیا ہے۔