تلگودیشم سربراہ اورچیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے امیت شاہ کو آندھرا پردیش میں این ڈی اے حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے ضمن میں کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی موثر انداز میں تکمیل کیلئے مرکز سے ضروری تعاون کی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل سے امیت شاہ کو واقف کرایا اور زیر التواء امور کی عاجلانہ یکسوئی کی اپیل کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی جینتی کے موقع پر سمادھی پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا کی قیامگاہ پر این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے تلگودیشم کی جانب سے شرکت کی۔ مرکزی حکومت کی کارکردگی سے حلیف جماعتوں کو واقف کرانے کیلئے اجلاس طلب کیا گیا جس میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جنتا دل یونائٹیڈ سے مرکزی وزیر راجو رنجن سنگھ، اپنا دل ( ایس ) کی صدر اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل، جنتا دل ( ایس ) کے قائد اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی، ہندوستانی عوام مورچہ ( ایس ) کے قائد اور مرکزی وزیر جتن رام مانجھی، آر ایل ایم کے صدر اوپیندر کشواہا ، بھارت دھرما جنا سینا پارٹی کے صدر وی تشار اور دوسروں نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ون نیشن ون الیکشن مسئلہ پر حکومت نے اپنے موقف کی وضاحت کی ہے۔ اس مسئلہ پر تشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا 8 جنوری کو پہلا اجلاس منعقد ہوگا۔